دبئی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خبر، پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی مل گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے 8 ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کر دیا جس کے مطابق پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستان کے تین شہروں میں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں البتہ راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیے جانے کا امکان ہے۔