کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ حوصلہ افزاء ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے جس طرح رقوم کی منتقلی میں آسانی اور سرمایہ کاری کے لیے منافع بخش اسکیمز متعارف کروانے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اسی طرح صنعتی شعبے میں مراعات اور پیداواری لاگت کم کرکے صنعتی ترقی کا عمل تیز کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کے لیے ایز آف ڈوئنگ بزنس اور سادہ ٹیکس نظام تشکیل دینے سے ملک میں صنعتی فروغ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم صنعتیں ہی روزگار کی فراہمی اور پائیدار ترقی کی ضامن ہیں۔ سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران صنعتوں کے پیداواری عمل کو جاری رکھنے کے لیے وزیر اعظم نے بروقت اقدامات کیے اور معاشی پیکج سے ان کی بقا ء کا ماحول بھی سازگار بنایا گیا، اس پالیسی کے تسلسل کے ساتھ بالخصوص ایس ایم ایز سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر میں حکومت کو معاشی تعاون اور مراعات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے کیوں کہ اس شعبے کا فروغ صنعتی ترقی سے براہ راست منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی خوش آئند ہے تاہم آئندہ بجٹ میں صنعتوں سے متعلق ٹیکس اور معاشی پالیسیاں اس سے اثر انداز نہیں ہونی چاہئیں۔