اسلام آباد (اسپورٹس رپورٹر) بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ میں پنجاب نے مردوں اور سندھ نے خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان تھے۔ جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں اسناد، ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیں، اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے مدثر آرائیں اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا بھی موجود تھے۔ گذشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال، اسلام آباد میں کھیلی گئی ایک روزہ بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ کے مردوں کے ایونٹ میں پنجاب اور خواتین کے ایونٹ میں سندھ کی ٹیم نے میدان مار لیا۔ مردوں کے ایونٹ میں پنجاب نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، اسی طرح خواتین کے ایونٹ میں سندھ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے سات ٹیموں نےحصہ لیا جن میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل تھیں، 20 ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ اتوار سے شروع ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ، کرنل (ر) محمد آصف زمان چیمپیئن شپ کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان واپڈا چیمپین شپ میں اپنے دونوں ٹائٹل مینز اینڈ ویمن کا دفاع کرے گا۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، ایلیٹ اور اسلام آباد شامل ہیں۔