کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) نے ٹیپ بال الصغیر سپر کرکٹ سیریز جیت لی، فائنل میں نارتھ کراچی سی سی کو 29 رنز سے شکست کا سامنا ، شاہد انصاری 47 رنز بناکر نمایاں رہے، سابق انٹرنیشنل ہاکی پلئیر اور یوتھ اولمپک ہاکی کوچ محمد علی خان نے انعامات تقسیم کئے. ہاکی اولمپیئین ناصر احمد اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اسپورٹس منیجر اشتیاق مبین نے خصوصی طور پر کرکٹ سیریز میں شرکت کی، الفجر کرکٹ گراؤنڈ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی میں برقی قمقموں کی روشنی میں الصغیر ویٹرنز کے زیر اہتمام منعقدہ ٹیپ بال کرکٹ سیریز میں چار ٹیموں نے شرکت کی، ہاکی کے سابق اولمپیئن، سابق انٹرنیشنل اور نیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نارتھ کراچی سی سی اور سجاس گرین کی ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کی، آٹھ اوورز کے فائنل میچ میں سجاس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہد انصاری، زاہد غفار اور محسن مہدی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، شاہد انصاری 47 رنز بناکر ناقابل شکست رہے انکی اننگز میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا انہوں نے صرف 21 گیندوں کا سامنا کیا، زاہد غفار 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انکی اننگز تین بلند و بالا چھکوں سے مزین تھی انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا، محسن مہدی دو چھکوں کی بدولت 9 گیندوں پر 18 رنز بناسکے، جواب میں 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نارتھ کراچی سی سی کی پوری ٹیم چار وکٹوں پر 84 رنز بناسکی، انکی جانب سے انس صدیقی نے 42 رنز بنائے، جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے، طحہ رضا 10رنز بناکر آؤٹ ہوئے. اسامہ بن عتیق اور خواجہ احمد مستقیم دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. مہمان خصوصی محمد علی خان نے الصغیر ویٹرنز کے سینئر ممبران عظمت پاشا، قاضی نصر عباس، مسرور جاوید، مبشر مختار، عابد خلیل، اعظم اسحاق، سجاس کے پیٹرن خواجہ احمد مستقیم، صدر آصف خان اور سیکریٹری اصغر عظیم سمیت دیگر کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے، سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم نے شاندار کرکٹ سیریز کے انعقاد اور عمدہ مہمان نوازی پر الصغیر ویٹرنز بالخصوص مبشر مختار، جنید اسلم اور محمد ارسلان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں کرکٹ سیریز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔