کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت منعقدہ اسپورٹس فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر معروف سیاسی، سماجی اور تاجر رہنما کامران ٹیسوری نے مقامی ریسٹورنٹ میں سجاس اسپورٹس فیسٹول کی آرگنائزنگ کمیٹی، عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا، سجاس کے صدر آصف خان، سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان، پی ایس ڈبلیو ایف کے سینئر نائب صدر سید نصر اقبال سمیت مجلس عاملہ اور آرگنائزنگ کمیٹی، کے ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی اور محمد نسیم نے کامران ٹیسوری کے ہمراہ میزبانی کے فرائض انجام دیئے، عشائیہ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد اداکار اسلم شیخ، شوبز اسپورٹس آرگنائزر نواب عالم، کے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز خان، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ماجد، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اصغر بلوچ، کمشنر کراچی اسپورٹس کمیٹی کے کنوینئر و صدر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن غلام محمد، کراچی گیمز کے صدر محمد اسلم خان سمیت اسپورٹس سے وابستہ دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی کے سرپرست کامران ٹیسوری نے اسپورٹس فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر سجاس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس منظم انداز سے فیسٹول کا انعقاد کیا گیا وہ اسپورٹس آرگنائزر کے لئے ایک مثال ہے، سجاس نے 250 سے زیادہ میڈیا ورکرز کو 7 مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دے کر انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بھر پور موقع فراہم کیا ہے، جنوری 2022 میں پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی سجاس کے ساتھ مل کر ملیر یکجہتی کرکٹ کپ کا انعقاد کرے گی۔ سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم نے عشائیہ کے انعقاد پر میزبان کامران ٹیسوری، ایاز منشی اور محمد نسیم کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ سجاس پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ ہے تاہم اب اکیڈمی کو عملی طور پر میدان میں آنے کی ضرورت ہے، اسپورٹس فیسٹول کی کامیابی کا سہرا اس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ فیسٹول میں حصہ لینے والے صحافیوں کے سر جاتا ہے، خاص کر سجاس سے محبت کرنے والے وہ تمام افراد جنہوں نے کسی نہ کسی طریقے سے ہماری حوصلہ افزائی کی، سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کا کہنا تھا کہ سجاس نے اسپورٹس جرنلسٹس کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا ہے، کے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز خان کا کہنا تھا کہ سجاس نے اسپورٹس فیسٹول کے ذریعے اپنے ممبران کے ساتھ میڈیا ہاؤسز سے وابستہ ہر ایک فرد کو کھیل کے میدان میں آنے کا موقع دیکر انہیں ذہنی دباؤ سے نکالنے کی ایک اچھی کوشش کی ہے، ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کا کہنا تھا کہ میزبان نے اسپورٹس فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر سجاس کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کرکے دم توڑتی روایت کو ایک نئی زندگی دی ہے جس پر کامران ٹیسوری مبارکباد کے مستحق ہیں، نائب صدر انجینئر محفوظ الحق نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول میں ذاتی طور پر شریک ہونا میرے لئے باعث مسرت ہے، ادا کار اسلم شیخ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کا انعقاد امن کے بغیر ممکن نہیں، اسپورٹس جرنلسٹس امن کے سفیر ہوتے ہیں ملک یا ملک سے باہر ان کا قلم امن کا پرچار کرتا ہے، کے بی اے کے صدر غلام کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی کے بعد کھیل اور کھلاڑی کی خدمت کے لئے کامران ٹیسوری کا عملی طور پر میدان میں آنا خوش آئند ہے، سجاس اور پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی مل کر باصلاحیت کھلاڑیوں کو ان کا حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو سندھ کی ثقافت اور محبت کی نشانی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔