لاہور (نوپ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن آج لاہور میں ہوگا۔ الیکشن کمشنر افضل حیدر اور ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا الیکشن کا انعقاد کریں گے۔ الیکشن میں گورننگ بورڈ کے رکن احسان مانی آسانی سے نئے چیئرمین پی سی بی منتخب ہوجائیں گے۔ ان کو ممبران کی اکثریت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ آج ہونے والے انتخابات میں ساڑھے 11 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے، جس کے بعد اعتراضات سنے جائیں گے اور اسکروٹنی مکمل کی جائیگی، دن ایک بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ ڈیڑھ بجے چیئرمین پی سی بی کے لیے الیکشن ہوگا۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں وزیر اعظم اور پیٹرن انچیف پی سی بی عمران خان کے نامزد کردہ ممبرز احسان مانی اور اسد علی خان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین واپڈا، ڈاکٹر نجیب صائم ایچ بی ایل، محمد ایاز بٹ کے آر ایل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیا ایس ایس جی سی، مراد اسماعیل کوئٹہ ریجن، شاہ ریز عبداللہ روکھڑی لاہور ریجن، کبیر احمد خان فاٹا ریجن، کیپٹن (ر) جہانزیب خان سیکرٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سیکرٹری گورننگ بورڈ میں شامل ہونے کے باوجود ووٹ دینے کا استحقاق نہیں رکھتا۔ پی سی بی کے نئے چیئرمین کا عہدہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی طرف سے استعفیٰ دینے سے خالی ہوا تھا ۔