Home / اہم خبریں / صنعتکاروں کو کوئی افسر ہراساں نہیں کریگا۔ ایڈمنسٹریٹر کورنگی ساجدہ قاضی

صنعتکاروں کو کوئی افسر ہراساں نہیں کریگا۔ ایڈمنسٹریٹر کورنگی ساجدہ قاضی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ضلع کورنگی کی ایڈمنسٹریٹر ساجدہ قاضی کا کہنا ہے کہ صنعتی علاقے میں شجر کاری، گرین بیلٹ کے قیام اور پارکنگ پر کوئی ڈی ایم سی اہلکار تنگ کرنے نہیں آئے گا۔ مین کورنگی روڈ پر شجر کاری کیلئے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، جبکہ حال ہی میں کاٹی کی جانب سے قائم کردہ فائر اسٹیشن کیلئے عملہ بھی فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کاٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں، کائٹ کے سی ای او زبیر چھایا، سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان، سابق صدر مسعود نقی، فرحان الرحمن، احتشام الدین، جوہر قندھاری، میونسپل کمشنر فہیم خان، سپرنٹینڈنٹ انجینئر خالد ملاح، ڈائریکٹر سینی ٹیشن سید سردار علی، ڈائریکٹر پارکس وقاص سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کورنگی ساجدہ قاضی نے کہا کہ بروکس چورنگی سے کورنگی کراسنگ کے درمیان شاہراہ پر ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محدود وسائل سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کاٹی کی جانب سے کورنگی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جو تجویز ملیں گی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی کی مرکزی شاہراہیں کے ایم سی کی نگرانی میں آتی ہیں تاہم اندرونی شاہراہوں کی ذمہ دار ڈی ایم سی کی ہے۔ انہوں نے کاٹی کو یقین دہانی کرائی کے ان کی عہدے کی مدت کے دوران کورنگی کے صنعتکاروں کو ڈی ایم سی سے غیر ضروری نوٹس نہیں آئیں گے۔

اس سے قبل کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے ایڈمنسٹریٹر کورنگی ساجدہ قاضی کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاٹی کے ممبران نے 20 سال پہلے کورنگی کی مختلف شاہراہوں کی خوبصورتی کی ذمہ داری لی اور ایک طویل عرصے تک ان کی دیکھ بھال اور تمام اخراجات اٹھاتے رہے لیکن اچانک ڈی ایم سی کی جانب سے لینڈ یوٹیلائیزیشن کے نوٹس ملنے سے صنعتکاروں کی حوصلہ شکنی ہوئی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے کاٹی کو فائر ٹینڈر ملے، حادثات سے بروقت نمٹنے کیلئے کاٹی میں فائر اسٹیشن بنایا لیکن بر وقت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت یافتہ عملہ موجود نہیں ہے۔ کائٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو سہولیات دینے میں ناکام رہی۔ صنعتکار اپنی مدد آپ کے تحت بجلی، گیس، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور پانی کی قلت دور کرنے کیلئے متبادل ذرائع پیدا کرتے ہیں جو حکومت آئینی طور پر فراہم کرنے کی پابند ہے، اس کے بعد بھی صنعتکاروں کو ان اقدامات پر ٹیکس کے نوٹس بھیج دئیے جاتے ہیں جو صراصر نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں انکروچمنٹ کا خاتمہ کرنے میں کے ایم سی او ڈی ایم سی ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کی خدمات کا تحفظ نہیں کرسکتی تو صنعتکاروں کا اعتماد کیسے بحال ہوگا۔ زبیر چھایا کہ کہنا تھا کہ ڈی ایم سی کسی بھی صنعتی یونٹ کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے کاٹی سے رابطہ کرے تو کاٹی ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر سینر نائب صدر ذکی شریف نے ایڈمنسٹریٹر ساجدہ قاضی کی کاٹی آمد پر تشکر کا اظہار کیا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے