کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جمیعت علماء اسلام کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا سمیع سواتی اور جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کے جنرل سیکرٹری مولانا فخرالدین رازی نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام کی جان و مال اور عزت چوروں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے، حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی، قوم کو اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے عزتوں کے لٹیرے اور قاتل چور حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کرنا ہوگا، وہ جے یو آئی پی ایس 122 حلقہ تیسر ٹاؤن کے تحت تربیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، کنونشن سے حافظ حبیب الرحمن خاطر، محمد شریف گبول سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر کارکنان نے علاقے کے مسائل سے بھی رہنماؤں کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے 13 سالہ دور حکومت میں کراچی پر ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے خرچ کیے گئے مگر اس کے باوجود کراچی کے عوام کو ٹرانسپورٹ، تحفظ، انصاف اور صاف پانی جیسی سہولتیں نہیں مل سکیں، لاء اینڈ آرڈر آج بھی کراچی کا نمبر ون مسئلہ ہے، ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں، دکانداروں کا قتل معمول کی وارداتیں بن چکیں، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں کراچی سرفہرست ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست کی ہے، نا اہل حکمران اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، انکا اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔