کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری سردار ذوالفقار نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور چیف سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے ڈی اے میں 2012 سے خدمات سر انجام دینے والے کنٹریکٹ ملازمین کی حق تلفی کا فوری نوٹس لیں اور ان کی مستقلی کے لئے اقدامات کریں۔ وہ گذشتہ روز پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں آئے ہوئے کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان ایگزیکٹیو کونسل کے اراکین محمد حامد صدیقی، کلیم اللہ ملک، خالد صدیقی ایڈووکیٹ، اکرم آگریا اور میاں ریاض بھی موجود تھے۔ پاسبان رہنماؤں کو کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے نمائندہ وفد نے بتایا کہ ہم 2012 سے کے ڈی اے میں خدمات سرانجام دیتے آرہے ہیں لیکن تاحال ہمیں مستقل نہیں کیا گیا۔ ہم نے اپنی مستقلی کے لئے مختلف محکموں میں درخواستیں بھی جمع کرائی تھیں، جس پر 2019 کے گیارہویں مہینے میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرکرنے کی منظوری اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ و دیگر جی بی کے ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ 14 فروری 2020 میں ڈپٹی سیکریٹری ایڈمن شبانہ کوثر ایکس پی سی ایس نے بھی ہمارے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ایک لیٹر جاری کیا تھا۔ وفد نے بتایا کہ انہوں نے مورخہ 17/12/2020 کو وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے ایک درخواست پر (آلووڈ) کر کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو مارک کیا تھا۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بتاریخ 21 اپریل 2021 ڈائری نمبر 343 کے ذریعے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سے متاثرہ کنٹریکٹ ملازمین کی فہرست طلب کی تھی اور ان سے سب کمیٹی کا اپروول بھی مانگا تھا۔ اب فائل ڈائر یکٹرجنرل کے ڈی اے کی ڈاک سے غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ وفد نے بتایا کہ فائل غائب ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ سندھ نے ایک لیٹر نمبر پی ایس/اے ایس/ایچ ٹی پی/ایل جی/ ایم آئی ایس سی/ 2021 کے ذریعے کے ڈی اے سے ایک دن کی مہلت پر ایک پرفارمے کے تحت خالی اسامیوں کی تفصیل طلب کی تھی جس پر کے ڈی اے کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ایک لیٹر نمبر پی اے/ایس ای سی وائی/کے ڈی اے/2021/280 بتاریخ 28 مئی 2021 کے ذریعہ خالی اسامیوں کی فہرست ارسال کی گئی تھی۔ سردار ذوالفقار نے کے ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ پاسبان ان کی مستقلی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔