اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس سیکٹر ایم ٹو نورتھ کی جانب سے موٹر وے استعمال کرنے والوں میں مفت فرسٹ ایڈ باکس کی تقسیم کرنے کی تقریب مین ٹول پلازہ اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی موٹر وے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام تھے جبکہ پریذیڈنٹ پریس کلب اسلام آباد شکیل انجم، کوڈینیٹر پریس کلب عامر بٹ، ڈاکٹر کیپٹن ریٹائرڈ فضل الرحمن، سیکٹر کمانڈر ایم ٹو نارتھ عاشق حسین چوہان اور موٹر وے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کی ہر ممکن کوشش ہے کہ لوگوں کو زخمی ہونے سے بچائے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے موٹر وے پولیس مختلف زاویوں سے کام کر رہی ہے جیسا کہ روڈ سیفٹی ایجوکیشن پر خصوصی کام ہو رہا ہے اور موٹر وے پولیس کی ٹیمیں سکول، کالج، مدارس اور دیگر جگہوں پر جا کر روڈ سیفٹی کی اہمیت اجاگر کر رہی ہیں۔ فیڈرل ایجوکیشن بورڈ آف ڈائریکٹریٹ اور صوبائی ایجوکیشن ڈائریکٹریٹ کے ساتھ مل کر کلاس اول تا میٹرک تک سلیبس تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ہر بچہ یہ جان سکے کہ روڈ پر اسے کیا کرنا ہے اور کس طرح وہ محفوظ رہ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 44 فیصد ٹریفک بڑا ہے آج پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر چار ہزار موٹر سائیکل اور تین سو گاڑیوں کا اضافہ ہو رہا ہے جو کہ کسی چیلنج سے کم نہیں لیکن اس چیلنج کو روڈ سیفٹی ایجوکیشن اور قانون کی عمل داری سے ہم نبردآزما ہیں، دوران سفر مسافروں کی مدد موٹروے پولیس کی ڈیوٹی کا بنیادی جزو ہے جس سے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے احسن طریقے سے انجام دہی کی جاری ہے۔ اس کے علاوہ موٹر وے پولیس نے سینکڑوں کی تعداد میں گھر سے بھاگ جانے والے بچے یا دوران سفر کھو جانے والے بچوں کو گھر والوں تک پہنچایا ہے۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ کسی حادثے کی صورت میں فاسٹ ایڈ کٹ انتہائی موثر ثابت ہو سکتی ہے تاکہ مریض کم از کم ہسپتال تک پہنچ کر مناسب علاج کرا سکے۔ لہذا اس ضمن میں فرسٹ ایڈز کٹ مفید ثابت ہو سکتی ہے جو کہ پورے پاکستان میں موٹر ویز اور ہائی ویز پر موجودہ اسٹالز پر دستیاب ہے۔یہ تمام اقدامات عوام کی حفاظت کے لیے اٹھائے جارہے ہیں۔ موٹروے پولیس نے پچھلے سال کی نسبت اس سال 24 فیصد زیادہ جانیں بچائی ہیں۔ تقریب سے دیگر شرکاء جن میں شکیل انجم، ڈاکٹر کیپٹن ریٹائرڈ فضل الرحمن اور دیگر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی کاوشوں کو سراہا، تقریب کے اختتام پر آئی جی موٹر وے پولیس نے موٹر وے استعمال کرنے والی گاڑیوں میں مفت فرسٹ ایڈ کٹس تقسیم کیے۔