میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر کی سربراہی میں ڈی آئی جی آفس میرپورخاص میں رینج بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں سابقہ ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن، ایس پی عمر کوٹ مختار خاصخیلی، ایس پی مٹھی حسن سردار نیازی سمیت رینج بھر کے ایس ڈی پی اوز، ریڈرز اور ڈی آئی بی انچارجز نے شرکت کی، اجلاس کے ابتدا میں ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کی جانب سے سابقہ ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں تقرر و تبادلہ معمول کا حصہ ہیں، تاہم بحیثیت ایس ایس پی کے انہوں نے اپنے فرائض منصبی کو جس احسن طریقے سے انجام دیا، وہ قابل تعریف ہیں، جس کے بعد ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر کی جانب سے سابقہ ایس ایس پی میرپورخاص کو روایتی اجرک اور گلدستہ پیش کیا گیا، دوران اجلاس ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کو میرپورخاص رینج کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، اقلیتوں سے متعلق مسائل و جرائم ، عورتوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور منشیات و گٹکے کی روک تھام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اور اس کے روک تھام سے متعلق اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں، اجلاس میں ایف آئی آرز کو کمپیوٹرائز کرنے، مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھنے، غیر ملکی افراد کی سکیورٹی کو مزید سخت بنانے اور افغان پناہ گزیوں کی جانچ پڑتال سے متعلق بھی اہم ہدایات جاری کی گئیں، اجلاس میں ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر کا کہنا تھا کہ رینج بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے، ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کی جانب سے تمام افسران کو متنبہ کیا گیا کہ جس بھی افسر کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہوگی ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے اچھے مستقبل کی خاطر گٹکا و منشیات فروشی جیسے جرائم کے خاتمے اور اقلیتوں، عورتوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔