کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) تحریک لبیک پاکستان کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مفتی محمد قاسم فخری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی سمیت مرکزی مجلس شوری جاگ رہی ہے، بعض سیاسی قوتیں اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر ملک میں افرا تفری پھیلانے کیلئے کوشاں ہیں، عوام کسی بھی قسم کی افواہ پر کان نہ دھریں وہ جمعرات کو صوبائی دفتر میں کراچی کے مختلف صوبائی حلقوں کے ذمہ داروں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ٹی ایل پی کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی، ڈاکٹر نواز الہدی، مفتی مبارک عباسی، صوفی محمد یحیٰ قادری و دیگر بھی موجود تھے، مفتی محمد قاسم فخری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کی پرامن ناموس تحفظ رسالت کی تحریک کو پرتشدد بنانے والے عناصر آج ایوان بالا میں بے نقاب ہوگئے ہیں، ماضی میں جن حکومتوں نے قادیانی نوازی کی وہ آج عذاب الہی میں گرفتار ہیں اور جن لوگوں نے ناموس رسالت کی تحریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی وہ اب عوام کے سامنے بے نقاب ہونا شروع ہوگئے ہیں، مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ یوم اقبال پر عام تعطیل بحال نہ کرنا قومی المیہ ہے اسکے باوجود تحریک لبیک کی قیادت کی اپیل پر جمعہ 9 نومبر کو پوری قوم عاشق رسول ڈاکٹر محمد اقبال کا یوم پورے قومی جوش وخروش سے منائے جو قومیں اپنے ہیروز کو فراموش کر دیتی ہیں وہ تاریخ میں زندہ بھی نہیں رہتی ہیں۔
![]()