پشاور (رپورٹ: جنید وزیر) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں نئے صوبائی وزاراء، مشیروں اور معاونین خصوصی سمیت پارلیمانی سیکرٹریز کی تقرری کے لئے تحریک انصاف کے 17 ایم پی ایز کے نام بنی گالہ ارسال کردیئے ہیں۔ نئے صوبائی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کے ناموں کی منظوری وزیر اعظم عمران خان دینگے۔ صوبائی کابینہ میں دو نئے صوبائی وزراء شامل کرانے کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت نے نئے مشیروں، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریزکی تقرری کے لئے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قومی اسمبلی کے سپیکراسد قیصر، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی سمیت پارٹی کے دیگر رہنمائوں کو اعتماد میں لینے کے بعد پی ٹی آئی کے 17 ایم پی ایز کے نام منظوری کیلئے بنی گالہ ارسال کئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ وزیر اعظم عمران خان ان 17 ناموں میں سے نئے صوبائی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کا انتخاب کرینگے۔ ذرائع کے مطابق ان ناموں میں تحریک انصاف کے وفاقی وزراء اور مرکزی رہنماؤں سمیت صوبائی وزراء کے قریبی رشتہ دار ایم پی ایز کے نام بھی شامل ہیں۔
![]()