کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، سردار محمد بخش خان مہر نے کھیلوں کی صحافت کے عالمی دن (ورلڈ اسپورٹس جرنلزم ڈے) کے موقع پر ملک بھر کے اسپورٹس جرنلسٹس، فوٹو جرنلسٹس، کیمرہ پرسنز اور براڈکاسٹرز کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کھلاڑیوں کی محنت صلاحیتوں اور کامیابیوں کو عوام اور دنیا تک پہنچانے میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں برقرار رکھنے اور کھیلوں کے فروغ میں اسپورٹس میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس صرف کھیلوں کی رپورٹنگ تک محدود نہیں بلکہ اپنے قلم، کیمرے اور مائیک کے ذریعے امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے جیسے مثبت معاشرتی اقدار کو بھی فروغ دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، کھیلوں کے مثبت رجحان کو فروغ دینے اور ویران میدانوں کو دوبارہ آباد کرنے میں اسپورٹس جرنلسٹس کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
سردار محمد بخش خان مہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت اسپورٹس جرنلسٹس برادری کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور کھیلوں کے شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔