کراچی، (اسپورٹس رپورٹر) چوتھی میکڈونلڈ نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 15 کے مقابلوں کے دوران بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا، جہاں سندھ کے نان سیڈ کھلاڑی راحیل وکٹر نے نمبر تین سیڈ آرمی کے فیضان علی خان کو ایک گھنٹہ اور دو منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ راحیل وکٹر کی فتح کا اسکور 11-6، 11-9، 11-13، 9-11 اور 11-6 رہا، جبکہ کے پی کے فواد خان، عبدالہادی اور دانش سکندر بھی بوائز انڈر 15 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی، پی ایس بی کراچی سینٹر میں جاری آٹھ لاکھ روپے انعامی رقم کی حامل اس چیمپئن شپ میں دیگر کیٹیگریز کے کوارٹر فائنلز بھی مکمل ہو گئے۔ گرلز انڈر 19 میں مہوش علی، مناحل عقیل، نمرا بتول اور دامیہ خان، بوائز انڈر 11 میں عبدالرحمان ریاض، محمد سمیر، عاطف علی ناز اور انس رافع جبکہ بوائز انڈر 19 میں محمد ابان، عبدالہادی، محمد حسنین اور ایم بن نسیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔