کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر ) سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 53ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 کے لیے سندھ ایتھلیٹکس ٹیم کے ٹرائلز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو اتوار 21 دسمبر 2025 کو صبح 9:30 بجے نیشنل کوچنگ سینٹر، پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کراچی میں منعقد ہوں گے۔ جنرل سیکریٹری سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن اظہر سمدانی کے مطابق نیشنل چیمپئن شپ 28 سے 31 دسمبر 2025 تک جناح اسٹیڈیم، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، جس کے لیے سندھ کی نمائندگی کرنے والے باصلاحیت ایتھلیٹس کا انتخاب ان ٹرائلز کے ذریعے کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ حکومتِ سندھ، صوبے کی تمام ڈویژنل ایتھلیٹکس ایسوسی ایشنز، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز، اسکولوں کے پرنسپلز اور کالجز و جامعات کے سربراہان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اہل ایتھلیٹس کو نامزد کر کے ٹرائلز میں شرکت یقینی بنائیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کو کسی قسم کی ٹی اے/ڈی اے فراہم نہیں کی جائے گی، جبکہ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ ٹرائلز نوجوان ایتھلیٹس کے لیے قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور سندھ کی مضبوط نمائندگی کو یقینی بنانے کا اہم موقع ہیں۔