کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) واپڈا کے وائلڈ کارڈ انٹری ہولڈر عبداللہ نواز اور سندھ کی دامیہ خان نے امریکن بزنس کلب نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔
بوائز انڈر 19 کے فائنل میں عبداللہ نواز نے پنجاب کے عبداللہ ندیم کو 12-10، 11-5، 11-5 سے شکست دی، جبکہ گرلز انڈر 15 کے فائنل میں دامیہ خان نے سندھ کی ویشنوی کو 11-9، 6-11، 11-3 اور 11-7 سے ہرایا
بوائز انڈر 13 میں سندھ کے راحیل وکٹر نے پنجاب کے محمد مصطفی خان کو 11-5، 11-2، 11-7 سے ہرا کر ٹائٹل جیتا، جبکہ بوائز انڈر 11 میں پی اے ایف کے محمد سمیر نے اپنے ہم محکمے کے عاطف علی ناز کو 10-12، 11-7، 11-8، 11-6 سے شکست دی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق نگراں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت ڈاکٹر جنید علی شاہ تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں آٹھ لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی۔
تقریب میں سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد، حیدرآباد اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد، ٹورنامنٹ ریفری محمد نسیم اور دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے۔
یہ چیمپئن شپ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پی ایس ایف جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس، کراچی میں کھیلی گئی جس میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔