اسلامآباد/کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس اسپورٹس رپورٹر) اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب 2027 کوالیفائر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوگیا دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک کوئی گول اسکور نہ کرسکیں پاکستان نے میچ کے دوران کئی مواقع پیدا کیے مگر حریف دفاع نے بھرپور مزاحمت کی، جبکہ پاکستان کے گول کیپر نے شاندار دفاع کرتے ہوئے متعدد یقینی گول بچائے۔ دوسری جانب افغانستان کی ٹیم نے بھی جوابی حملوں کے ذریعے میچ کو سنسنی خیز بنائے رکھا۔
میچ کے بعد قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں کے کھیل سے خوش ہوں، خاص طور پر دوسرے ہاف میں ٹیم نے متاثر کن کارکردگی دکھائی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم اگلے میچ کے لیے بھی بھرپور تیاری کرے گی اور کوشش ہوگی کہ 14 اکتوبر کو ہونے والے میچ میں بہتر نتیجہ حاصل ہو۔ سولانو نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے دروازے کسی کے لیے بند نہیں ہیں اور ہر باصلاحیت کھلاڑی کے لیے موقع موجود ہے۔
قومی مڈفیلڈر اتزاز حسین نے کہا کہ میں نے طویل عرصے سے پاکستان کی نمائندگی کرنے کا انتظار کیا اور آج وہ خواب پورا ہوگیا۔ اگرچہ ہم جیت نہیں سکے، مگر مجموعی طور پر تجربہ بہترین رہا انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے ہاف میں ٹیم نے ثابت کیا کہ ہم افغانستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امید ہے کہ ’اوے‘ میچ میں بہتر نتائج حاصل کریں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کا دوسرا میچ 14 اکتوبر کو کویت میں کھیلا جائے گا۔