کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین / اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سافٹ بال فیڈریشن نے اپنے مرحوم صدر آصف عظیم کی جگہ ان کی اہلیہ محترمہ تہمینہ آصف کو نیا صدر منتخب کرلیا۔ محترمہ تہمینہ آصف اس سے قبل فیڈریشن کی نائب صدر، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایسوسی ایٹ سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹری انوائرمینٹ کمیشن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔
مرحوم آصف عظیم، جو 51 برس کی عمر میں رواں سال مئی میں عارضہ قلب کے باعث انتقال کرگئے تھے، فیڈریشن کے لیے طویل عرصے تک اہم کردار ادا کرتے رہے۔ ان کے انتقال کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر محترمہ تہمینہ آصف کو صدر منتخب کیا تاکہ فیڈریشن کے جاری منصوبوں کو تسلسل دیا جاسکے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کراچی میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں خزانچی ذیشان مرچنٹ، سیکریٹری نسیم خان، چیئرپرسن یاسمین حیدر اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے، جبکہ نائب صدور نے آن لائن (زوم) کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں نئے صدر کے انتخاب کے ساتھ ساتھ دسمبر میں قومی ویمن سافٹ بال چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ عالمی فیڈریشن کی کانگریس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک وفد بھیجنے کی منظوری بھی دی گئی۔