کراچی، (رپورٹ ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سالانہ امتحانات 2025ء میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ محمد عباس بلوچ مہمانِ خصوصی جبکہ سیکریٹری کالج ایجوکیشن شہاب قمر انصاری مہمانِ اعزازی تھے۔
صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں ہونے والی اس تقریب میں چیئرمین انٹر بورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو، صوبائی اسمبلی کی رکن خیرالنساء، چیئرمین لاڑکانہ بورڈ خالد حسین مہر، ڈی جی کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر قاضی ارشد صدیقی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا جبکہ نظامت ناظم امتحانات زرینہ راشد نے کی۔
خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز ملک کا سرمایہ ہیں اور حکومت سندھ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ چیئرمین انٹر بورڈ فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے آرٹس ریگولر میں پہلی پوزیشن لینے والے نابینا طالب علم ہنس راج کو ذاتی طور پر 25 ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMA) کے اشتراک سے طلبہ کو اسکالرشپس اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ مزید برآں، وزیراعظم پاکستان کی نیو انرجی وہیکل پالیسی 2025-2030 کے تحت گزشتہ سال کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی گئیں۔ پوزیشن ہولڈرز طلبہ نے کہا کہ یہ اعزازات اور انعامات نہ صرف ہماری خوشی میں اضافہ ہیں بلکہ مستقبل میں مزید محنت کرنے کے لیے حوصلہ افزائی بھی ہیں۔