کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین /اسٹاف رپورٹر) چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے عید میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی اور عاشقانِ رسولﷺ کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی آمد سے دنیا سے ظلم و جبر کا خاتمہ ہوا، آپ امن و آشتی، محبت اور اخوت کا پیغام لے کر آئے۔ جنہوں نے بھی حضورﷺ کی تعلیمات کو اپنایا، وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ حضور اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن کے ہمراہ صدر پی ایس 95 سلیم اعوان، سینئر نائب صدر پی ایس 94 اسد مجاہد، سینئر نائب صدر پی ایس 95 اکبر آبڑو، وائس چیئرمین یوسی 9 ریاض خان، وائس چیئرمین یوسی 4 اصغر میو، وائس چیئرمین یوسی 5 وسیم وارث، سر معیزالدین اور دیگر علمائے کرام نے بھی جلوس میں شرکت کی۔