کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین /اسٹاف رپورٹر) وفاقی جمہوریہ جرمنی کے نئے قونصل جنرل، تھوماس ایبرہارڈ شُلٹز نے کراچی میں اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد قونصل جنرل تھوماس ای۔ شُلٹز نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے مواقع پر غور کیا گیا۔
تھوماس ایبرہارڈ شُلٹز ایک تجربہ کار جرمن سفارتکار ہیں، جو بین الاقوامی تعلقات میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ کراچی میں تعیناتی سے قبل وہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں قونصل جنرل جبکہ جمہوریہ کروئیشیا میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جرمن وزارت خارجہ میں ویزا قوانین اور انتظامی عدالتی مقدمات کے شعبے کی سربراہی سمیت متعدد اہم عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔
جرمن قونصل خانہ کراچی، قونصل جنرل شُلٹز کی قیادت میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔