کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) اور کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی (کائیٹ) کے مابین مشترکہ تعاون کی یاداشت (ایم او سی) طے پاگیا۔ معاہدے پر دستخظ کاٹی کے صدر سلیم الزماں اور کائیٹ کے صدر ایئر وائس مارشل (ر) تبریز آصف نے کئے، اس موقع پر ان کے ہمراہ کاٹی کے سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان، کمیٹی برائے تعلیمی امور کے چیئرمین احتشام الدین، سابق صدر طارق ملک، کائیٹ کے رجسٹرار ایئر کموڈور (ر) نظام الدین، ڈائریکٹر او آر آئی ایس ونگ کمانڈر (ر) سید نوید عباس، ڈائریکٹر کالج سید نجیب حیدر جعفری و دیگر موجود تھے۔ معاہدے کا مقصد پیشہ وارانہ تربیت کا فروغ اور طلبا کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سے استوار کرنا ہے، جس سے مستقبل میں انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق تعلیم و تحقیق کے ذریعہ طلبا کو تربیت دے کر بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے طلبا کو عالمی معیار تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرکے عملی زندگی میں کامیاب ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائیٹ کے طلبا کو مقامی انڈسٹری سے ہم آہنگ نئے تجربات کا موقع ملے گا جس سے نہ صرف ان کی مہارت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور انڈسٹری کا بیرون ملک پیشہ وارانہ امداد پر دارومدار کم ہوگا۔ سلیم الزماں نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں جدت آتی جارہی ہے عالمی مارکیٹ سے درآمدی مشینری کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ ملازمین کو مشین کا استعمال سکھا کر واپس لوٹ جاتا ہے، بعدازاں خرابی کی صورت میں بیرون ملک ماہرین کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہے، یہی تربیت پاکستانی طلبہ حاصل کریں تو مقامی سطح پر انڈسٹری کی ضرورت پوری ہوگی اور طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا زیادہ تر بیرون ملک جانے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ اگر وہ مقامی انڈسٹری پر توجہ دیں تو وہاں بے شمار مواقع موجود ہیں، جس سے یکساں طور پر دونوں مستفید ہوسکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کائیٹ کے صدر ایئر وائس مارشل (ر) تبریز آصف کا کہنا تھا کہ کائیٹ طلبا کو بین الاقوامی معیار کے انجینئر نگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہائر ایجوکیشن آف پاکستان نے اسے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک قرار دیا ہے، اس کے علاوہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی طلبا نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیور شپ کے فروغ اور جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرکے انہیں نہ صرف معاشرے کا اچھا شہری بنانا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ کرنا ہے۔ ایئر وائس مارشل (ر) تبریز آصف نے مزید کہا کہ کاٹی سے معاہدے کا مقصد طلبا کو انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائیٹ میں طلبا کو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعہ مختلف شعبہ جات میں اسکالر شپس پر بیرون ملک بھیجا جاتا ہے جہاں سے وہ بین الاقوامی معیار کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاٹی انڈسٹری کی درپیش ضروریات سے آگاہ کرے تو طلبا کو ان ہی شعبوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر کمیٹی برائے تعلیمی امور کے چیئرمین احتشام الدین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں صرف جدید دور کا نصاب رائج کرنا چاہیے، اور طلباء میں مستقل مزاجی کو بھی فروغ دینا چاہیے، عموماً دیکھا گیا ہے کہ ووکیشنل ٹرینگ سینٹر کے فارغ التحصیل طلبا مستقل مزاجی اور دلجمئی سے کام کرتے ہیں جبکہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء میں وہ مستقل مزاجی نظر نہیں آتی۔