کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے کراچی میں عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت ردعمل میں کہا کہ سندھ حکومت کے ماتحت ادارہ سندھ سولڈ ویسٹ مینیجمنٹ میں درحقیقت مینیجمنٹ نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے گزشتہ عید کے تینوں دنوں کراچی میں جگہ جگہ آلائشوں کے انبار سندھ سولڈ ویسٹ، انتظامیہ اور سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 85 ڈمپنگ پوائنٹس بنانے کا دعویٰ بھی محض ایک مزاق ثابت ہوا افسوس کی بات یہ ہے کہ صوبائی حکومت لگاتار کورونا کے نام پر سیاست کر رہی ہے کیا نااہل وزراء کو اس بات کا علم نہیں کہ کورونا کا جز صفائی اور پاک صاف ماحول کا ہونا بھی ضروری ہے انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں حکومت کے ناقص انتظامات کے پیش نظر سندھ تحریک انصاف کے عوامی نمائندوں نے کراچی کی گلی گلی اور ہر سڑک پر آلائشیں ٹھکانے لگائیں، حلقہ پی ایس 103 کے متعدد علاقوں سے آلائشیں تحریک انصاف نے ٹھکانے لگائیں، پی ٹی آئی کے کارکنان کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پی ٹی آئی کراچی کی منتخب جماعت ہے کراچی کے عوام کو بدحال ماحول سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، بلال غفا ر نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ سندھ حکومت نے بارشوں میں کراچی کے نالوں کی صفائی میں کوئی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا کراچی کو لاوارث سمجھنے والی سندھ حکومت نے عوام کے استحصال میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی، عید الضحٰی کے موقع پر پورا شہر گندگی کے ڈھیر سے تعفن میں جکڑا ہوا ہے سڑک پر چلنے والے افراد کیلئے سانس لینا بھی مشکل ہوچکا ہے وزیر بلدیات کراچی میں کہیں دکھائی نہیں دیے وزیر بلدیات اہم وزارت رکھنے کے اہل نہیں ہیں، سولڈ ویسٹ سمیت تمام بلدیاتی ادارے کرپشن کی نذر ہوچکے ہیں ہر سال بلدیاتی اداروں کیلئے خطیر رقم مختص کی جاتی ہے باوجود اس رقم کو خرچ کرنے کے سندھ حکومت وہ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونِ ممالک منتقل کر دیتی ہے پی پی کے چنگل سے سندھ کے عوام کو جلد آزاد کروائیں گے سندھ سے موروثی سیاست کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے پی پی کی رحم و کرم پر سندھ کو مزید چھوڑنا کوئی بڑی مشکل میں لاسکتا ہے، وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ آئینی طریقہ کار کے پیش نظر سندھ کے عوام کو پی پی کی حکومت سے جلد از جلد نجات دلائیں۔