Home/اہم خبریں/ایم 8 شاہراہ کی تعمیر و مرمت سے سندھ بلوچستان کا سفر آسان ہوگا، شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایم 8 امداد سولنگی
ایم 8 شاہراہ کی تعمیر و مرمت سے سندھ بلوچستان کا سفر آسان ہوگا، شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایم 8 امداد سولنگی
میہڑ (رپورٹ: عبدالرحمان قمبرانی) نیشنل ہائی وے اتھارٹی بلوچستان نے برساتی سیلاب سے متاثرہ حصوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 400 ملین کی خطیر رقم مختص کردی۔ رقم کا حصول ٹول روینیو اکاؤنٹ (آر ایم اے) سے کیا جائےگا۔ ایم -8 شاہراہ پر تعمیر و مرمت کا کام شروع۔ سندھ بلوچستان کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایم -8 امداد سولنگی۔ تفصیلات کے مطابق ایم -8 سیلاب سے تباہ شدہ شاہراہ کے مخصوص حصوں جن میں کھوڑی، بھلوک، ونگو، جھل مگسی اور باریجہ شامل ہیں ان پر ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے۔ ایم -8 شاہراہ کے ترقیاتی کاموں پر 400 ملین روپے کی لاگت آۓ گی اور یہ رقم این ایچ اے کے ٹول روینیو اکاؤنٹ (آر ایم اے) سے وصول کی جائیگی۔ صوبہ بلوچستان کو سندھ سے جوڑنے والی 183 کلومیٹر پر مشتمل ایم -8 موٹر وے خضدار سے شہداد کوٹ کے 133 کلومیٹر بلوچستان ساؤتھ ریجن پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں اور انہی سیکشنز میں پروجیکٹ اتھارٹیز کا بقایا کام بھی جاری ہے۔ این ایچ اے کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکھ سے ونگو والا سیکشن جو کہ ابھی تک بلوچستان ساؤتھ کی مینٹینینس ڈویژن کو وصول نہیں ہوا اور پروجیکٹ کانٹریکٹر کو اس کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر اس کے کانٹریکٹ کو ٹرمینیٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سیکشن میں بھی وہ سڑک کے حصے جو پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ان پر بھی بلوچستان ساؤتھ کی مینٹینینس ڈویژن نے پروٹیکشن ورکس (روڈ کے تحفظ کے کام) تیز رفتاری سے شروع کر دیا ہے۔ 15 کلومیٹر پر مشتمل ایم -8 کی وہ سڑک جوکہ ونگو کے پہاڑی علاقوں سے گزرتی ہے اس پر بھی این ایچ اے بلوچستان ساؤتھ کی مینٹینینس ڈویژن نے لینڈ سلائیڈنگ کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایم -8 امداد سولنگی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ شاہراہ کی تعمیر ومرمت سے سندھ بلوچستان کا سفر آسان ہوگا جس کامقصد شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔