اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ کے ریکارڈ قرضے واپس کیے اور مجموعی طور پر 6 ہزارارب روپے قرض کی قسطوں کی مد میں دیے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ تھا، جس کا سب سے زیادہ اثر ملک کی کرنسی پر ہوتا ہے، کرنسی گرتی ہے تو سب سے زیادہ بوجھ غریب پر پڑتا ہے، غریب عوام اور تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے، ہم نے پاکستان کی تاریخ کے ریکارڈ قرضے واپس کیے، ڈھائی سال میں 20 ارب ڈالر واپس کرچکے ہیں، یعنی اب تک 6 ہزار ارب روپے قرضوں کی قسطوں کی مد میں دے چکے ہیں، آج تک کسی حکومت نے اتنے قرضے واپس نہیں کیے۔عمران خان نے کہا کہ بہتر اقدامات سے اب ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کے دور میں بھی ہماری برآمدات میں رکارڈ اضافہ ہوا ہے، جب تک روپیہ مضبوط نہیں ہوگا، معیشت مضبوط نہیں ہوگی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں، شوکت خانم کیلئے جب فنڈز اکٹھے کیے تو سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں نے حصہ لیا، سارے معاشی اشاریے مثبت ہوگئے ہیں، ملک کی معیشت آج مثبت سمت میں جا رہی ہے، ٹیکسٹائل کی صنعت بحال ہوئی ہے لوگ نئی فیکٹریاں لگا رہے ہیں، روپے کو مستحکم رکھنے کیلئے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اہم پیشرفت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال سمندر پار پاکستانیوں کو آسان سرمایہ کاری کی سہولت دینے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انھیں ملک میں سرمایہ کاری کرنے کا کہا تھا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں نے غیر معمولی دلچسپی لی ہے اور دنیا کے 97 ملکوں میں اب تک 87 ہزار 833 اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جن کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے گئے ہیں۔