کراچی (نیوز ڈیسک) مسجد نبوی کے دروازے کو امریکا، سپین اور فرانس میں تیاری کے مختلف مراحل سے گزارا ۔گیا۔ مسجد نبوی کو خانہ کعبہ کے بعد اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام کا درجہ حاصل ہے۔ ہر سال یہاں کروڑوں مقامی اور غیر ملکی زائرین اور عازمین حج حاضری دیتے ہیں۔ اس مقدس مقام کا دلکش ڈیزائن دیکھنے والوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے۔ خاص طور پر اس کے عالی شان اور بلند و بالا دروازوں کی خوبصورتی تو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ مسجد نبوی کے دروازے ایک سال میں تیار کیے گئے۔ تیاری کا کام دنیا کے کئی شہروں میں انجام دیا گیا۔ فرانس میں سنہرے تانبے کا کام کرایا گیا اور ساج کی بہترین لکڑیاں امریکہ میں نصب کی گئیں۔ وہاں سے دروازے سپین کے شہر بارسلونا منتقل کیے گئے۔ انہیں سپیشل بھٹیوں میں رکھ کر 5 ماہ تک خشک کیا گیا پھر لیزر سے کام کرنے والی مشینوں کے ذریعے انہیں کاٹا گیا۔ ان میں تانبے کے ٹکڑے لگائے گئے پھر انہیں چمکایا گیا۔ آخر میں ان پر سونے کے پانی کا رنگ چڑھایا گیا اور پھر ان ٹکڑوں کو دروازے میں فٹ کیا گیا۔ دروازوں کو جمانے کا کام خصوصی طریقے سے کیلوں کی مدد کے بغیرانجام دیا گیا۔ ایک دروازے کی چوڑائی تین میٹر جبکہ اونچائی چھ میٹر اور موٹائی تیرہ سینٹی میٹر سے زیادہ ہے۔ ہر دوازے کا وزن سوا ٹن ہے۔ ہر دروازہ ہاتھ کی معمولی حرکت سے کھلتا اور بند ہوتا ہے۔ دروازوں کی تیاری میں سولہ سو مکعب میٹر سے زیادہ ساج کی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔ ہر دروازے میں 1500 سے زیادہ منقش زریں ٹکڑے دائرے کی شکل میں نصب کیے گئے ہیں۔
![]()