کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ وندر (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں چھالیہ، ایرانی ڈیزل اور متفرق اشیاء اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے خفیہ ذرائع کی نشاندہی کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی گئی۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف جگہوں میں کی گئی کاروائیوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔ موبائل گشت کے دوران اوتھل شہر کے قریب مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 22,122 کلو گرام چھالیہ برآمد کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ موبائل گشت کے دورا ن وندر شہر کے قریب ڈام کے علاقہ سے غیر قانو نی طریقے سے چھپایا گیا 7200 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ وندر شہر میں موبائل گشت کے دوران اور ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر ٹرکوں اور ایل پی جی ٹینکر کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طریقےسے اسمگلنگ کی جانے والی 19,158 کلو گرام چھالیہ برآمد کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پرایک کار کی تلاشی کے دوران نایاب نسل کے 42 پرندے(کونج) برآمد کرکے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب واقع چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران ایک ٹرک سے 12,150 کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام اسمگل کی جانے والی چھالیہ، ایرانی ڈیزل، 1 عدد ڈمپر، 8 عدد ٹرک، 3 عدد کار، 2 لینڈ کروزر اور 22 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پکڑی جانے والی چھالیہ، گٹکا، ایرانی ڈیزل، گاڑیوں کی مالیت تقریباً 11 کروڑ 54 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: بجلی کی قیمت 25 سے 30 فی صد کم جائے، ملک کے آئندہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنا ناگزیر ہے، صدر کاٹی کا وزیر اعظم سے مطالبہ
https://www.nopnewstv.com/electricity-pric…hould-be-reduced/