میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے دیانت دار قیادت کو میدان میں اتارے گی جوکہ پاکستان کی عوام کی حقیقی خدمت کے جذبے کے ساتھ پاکستان کو روشن، مستحکم شاندار مستقبل کی طرف گامزن کرے گی، دیانت دار اور نیک افراد معاشرے میں موجود ہیں جنکو ایک قوت کی صورت میں جمع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ و امیر ضلع محمد افضال آرائیں، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ مولانا عبدالقدوس احمدانی، ناظم عمومی جماعت اسلامی سندھ محمد دین منصوری، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل، قیم ضلع حافظ سلمان خالد، قیم شہر عاصم شیخ و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، اسداللہ بھٹو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گزشتہ تیس سالوں سے بلدیاتی اداروں پر مسلط سیاسی جماعتوں بالخصوص پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے عوام کو محرومیوں بدانتظامی اور لوٹ کھسوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا، میرپورخاص سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہر آج کچرے، گندی، غلاظت اور وبائی امراض کی آماجگاہ بن چکے ہیں، عوام آج جدید ترقی یافتہ زمانے میں بھی گندہ اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہے، پورا سندھ آج موئن جوڈارو کے زمانے کا منظر پیش کررہا ہے، سندھ کے عوام کے مسائل اور تکلیفوں میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانت دار، باصلاحیت اور کرپشن سے پاک قیادت ہی سندھ کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ماضی میں اسکی شاندار مثالیں میئر کراچی عبدالستار افغانی، سٹی ناظم نعمت اللہ خان اور چیئرمین بلدیہ ٹنڈو آدم عبدالستار غوری کی صورت میں موجود ہیں۔
![]()