کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر نے ثابت کر دیا کہ کشمیر کی آزادی کی منزل بہت قریب آگئی ہے۔مظلوم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی قیمت پر کچلا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کی سیاسی قیادت کو بالغ نظری کا ثبوت دینا چاہئے۔ کشمیر پر زبانی کلامی بیانات اور یو ٹرن کے بجائے آزادی کشمیر کے لئے ہمت و جرّات کا مظاہرہ کیا جائے۔ صرف بیان بازی، لفاظی اور چند منٹس کی خاموشی مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہے اس کے لئے عملی طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ 5 فروری ایسے موقع پر آیا ہے جب کشمیر میں تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں ایک قیدی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ بھارتی قصائی ہٹلر مودی نے جنت نظیر کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور ملک کے حکمران مصلحتوں کا شکار ہیں۔ پاسبان پبلک سیکریٹیریٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمع ہونے والے ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو یکجہتی کشمیر کی تقریبات منانے سے روکنے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستانی حکومت کی جانب سے اس کا نوٹس لیا جانا چاہیئے۔ دریں اثناء پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی ہدایت پر ملک کے مختلف شہروں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی کے علاقے کورنگی سے نکلنے والی ریلی نے کراچی کی اہم شاہراہوں پر گشت کیا۔ ریلی کی قیادت پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار اور ضلع کورنگی کے صدر کلیم اللہ ملک کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار ذوالفقار نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی قصائی مودی کے ہاتھوں کشمیری عوام 185 دنوں سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں اور مظلوم کشمیری بھارتی ظلم کی چکی میں مسلسل پس رہے ہیں۔ انہیں بنیادی انسانی حقوق تک سے محروم کر دیا گیا ہے۔ جنت نظیر وادی کشمیر میں ہر طرف موت کے سائے منڈلا رہے ہیں اورعالمی امن کے ٹھیکیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کیا انہیں کشمیر میں جاری ظلم و ستم دکھائی نہیں دیتا؟ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان کے دیگر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں فوری کشمیر کے مسئلے کا نوٹس لیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے اور185 دنوں سے جاری بدترین بھارتی ظلم و ستم فوری بند کیا جائے۔ اس موقع پر پاسبان کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی خاطر مر مٹنے کو تیار ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہے۔
![]()