کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ شہریوں اور صنعتوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے حکومتی اداروں کے 5 ارب واجبات کی ادائیگی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز عصمر نعیم کی سربراہی میں کاٹی کا دورہ کرنے والے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ان خیالات کا اظہارکیا۔ اس موقع پر کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کے۔ الیکٹرک دانش خان، احتشام الدین، ایس ایم یحیی شیخ فضل جلیل اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر صدر کاٹی نے کورنگی صنعتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں تعطل اور دیگر شکایات سے بھی کے الیکٹرک کے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں عام صارفین اور صنعتوں کی ضروریات کے پیش نظری بجلی کی پیداوار اور فراہمی سے متعلق جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کے۔ الیکٹرک کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر کے۔ الیکٹرک کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز عصمر نعیم نے بتایا کہ حکومتی اداروں پر 50 ارب کے واجبات ہیں جن میں سے صرف کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے واجبات 33 ارب روپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کے۔ الیکٹرک کو اپنے آپریشنز جاری رکھنے میں شدید مسائل کا سامنا ہے اور بڑھتے خسارے پر قابو پانے کیلئے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ حکومت پر واجب الادا اربوں روپے کے بقایاجات فوری ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں، اس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے صنعتیں اور شہری متاثر ہوں گے اس لیے ان واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات ہونے چاہئیں۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کے الیکٹرک کے سربراہ دانش خان نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ کراچی اور اس کے شہریوں کے مفاد میں واجبات کی ادائیگی کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا انحصار کے الیکٹرک کی کارکردگی پر ہے اور ہم اس کے متاثر ہونے سے آنے والے کسی تعطل کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ قبل ازیں کے۔ الیکٹرک کے ریجنل ہیڈ ساؤتھ فیصل کرامت نے کورنگی صنعتی علاقے میں بجلی کی فراہمی کے نظام کومزید بہتر کرنے کے اقدامات سے متعلق بریفینگ دی۔ کاٹی کے عہدیداران اور اراکین نے وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں کو کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر واجبات کے معاملے پر گفت و شنید سے کسی ممکنہ بحران کا پیشگی حل نکالنے کی پرُزور اپیل کی۔ کاٹی کے اراکین نے کے۔ الیکٹرک کے وفد کو اپنے مسائل اور کورنگی صنعتی علاقے میں بجلی کے نظام کی بہتری سے متعلق تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔
![]()