کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل بینک کے زیراہتمام نیشنل بینک یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام انڈر 17بوائز کوچنگ کیمپ کا افتتاح کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس کراچی میں سابق قومی کپتان اولمپیئن حنیف خان نے کیا انکے ہمراہ نیشنل بینک کے ایونٹ کوآرڈینٹر انور فاروقی، کراچی ہاکی ایسوسی کے سیکریٹری حیدر حسین، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد، ابوزر امراؤ کے علاوہ سابق انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑی کوچز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اولمپیئن حنیف خان نے ہاکی کی ترقی و ترویج میں کردار ادا کرنے پر نیشنل بینک کے اقبال قاسم اور رانا مجاہد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی کا معیار گراس روٹ ہاکی کے فروغ سے ہی ممکن ہے. پاکستان ہاکی کے زوال کی بنیادی وجوہات میں کھلاڑیوں کی کھیل میں عدم دلچسپی اور محنت نہ کرنا ہے، کے ایچ اے کی جانب سے کیمپ کے انعقاد کا مقصد ہاکی کی بنیادی تربیت اور کھلاڑیوں میں کھیل کی رغبت پیدا کرنا ہے، انہوں نے زیر تربیت کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ مکمل توجہ اور یکسوئی کے ساتھ تربیت حاصل کریں اور قومی کھیل کے رموز سے آگاہی پائیں۔ کے ایچ اے کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے استقبالی کلمات ادا کرتے ہوئے کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے، کیمپ میں شامل بچوں کو نیشنل بینک کی جانب سے مفت کٹ فراہم کی گئی ہے۔ مزکورہ کیمپ میں 100 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ کیمپ کمانڈنٹ سید ابوزرامرؤ ہونگے انکے ہمراہ نیشنل بینک کے انور فاروقی، فصیح، سمیر سلیم جبکہ کے ایچ اے کی جانب سے ازلان خان، محمود علی خان، عاصم خان، امتیاز الحسن اور شجاعت انڈر 17 بوائز کھلاڑیوں کو ہاکی کی تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرائیں گے۔ جبکہ انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی سمیر سلیم، فصیح الراحمن گول کیپرکوچ ہونگے۔
![]()