میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈگری کے قریبی گاؤں میں دو روزہ فری میڈیکل آئی کیمپ 19 دسمبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان کے تجربہ کار ڈاکٹرز مریضوں کا مفت معائنہ و آپریشن کرینگے۔ لینس چشمے اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ پسماندہ علاقے میں پہلی بار اتنا بڑا فری میڈیکل آئی کیمپ لگایا جارہا ہے۔ مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل انسانی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان کے رہنماء اور فری کیمپ کے منتظم انجنيئر شاہد محمود آرائیں، احمد امیر الدین آرائیں سیکرٹری اطلاعات امتیاز علی آرائیں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان مکمل طور پر غیر سیاسی فلاحی تنظیم ہے۔ جو بلا رنگ و نسل انسانی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ تنظیم آرائیاں کے زیر اہتمام اس سے قبل گولارچی میں تین روزہ فری میڈیکل آئی کیمپ منعقد کیا گیا۔ جس میں پاکستان کے معروف تجربہ کار ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے تقریباً 1500سے زائد مستحق مریضوں کا معائنہ۔ درجنوں کے آپریشن کئے گئے۔ لینس چشمے اور ادویات فراہم کی گئیں۔ جس میں بڑی تعداد اقلیتی برادری کے افراد پر مشتمل تھی۔ اسی سلسلے میں 19 دسمبر بروز جمعرات سے ڈگری سے ملحقہ ضلع بدین کے پسماندہ علاقے گوٹھ امیرالدین آرائیں، یو سی بڈھو قمبرانی میں پہلی بار دو روزہ فری میڈیکل آئی کیمپ لگایا جارہا ہےجس میں ڈگری، ماتلی، ٹنڈو غلام علی، نیو دمبالو اور حاجی ساون سمیت اردگرد کے علاقوں کے غریب مستحق افراد اپنی آنکھوں کا مفت معائنہ اور آپریشن کروا کر لینس لگوا اور چشمے ادویات حاصل کرسکیں گے۔ فلاحی خدمات مخیر افراد کے مالی تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ آرائیں برادری میں مخیر افراد کی کمی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ دل کھول کر تنظیم آرائیاں کی مالی مدد کریں۔ تاکہ فلاحی کاموں میں وسعت لائی جاسکے۔
![]()