کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی ٰکمال نے کہا ہے کہ کتے کے کاٹنے جیسے واقعات، ڈینگی جیسی بیماریوں میں اضافہ اور آئے روز بڑھتے مصائب دراصل اللہ تعالیٰ کا عذاب ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف تحریک انصاف کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ پانچ سال حکمرانی کیلئے پاکستان کے درد کو سمجھنا ہوگا۔ لیکن وزیراعظم اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا آج کراچی میں کتے کے کاٹنے سے ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ ملک کا انفرااسٹرکچر تباہ، نوکریاں ختم ہوگئی ہیں۔ ہر دن پاکستان کو تباہ کیا جارہا ہے۔ یہ کیسی تبدیلی ہے یہ جھوٹی تبدیلی ہے۔ تحریک انصاف نے پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی نظام ختم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ایس پی ہی پاکستان کا مستقبل ہے جس میں وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور میئر کی پارٹی سے لوگ روزانہ شمولیت کیلئے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا لوگوں کی شمولیت ہمارے نظریے کی جیت ہے۔ مصطفی کمال کے بقول اپنے دور میں کراچی کو ترقی دی جس کی پورا ملک مثالیں دیتا تھا۔
![]()