میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ صحت مند بچوں سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اس لئے ہم سب کو بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی صحت مرکز نواب کالونی میرپورخاص میں 18 سے 30 نومبر تک ہونے والی ٹائیفائیڈ بخارسے بچاؤ کی ویکیسن مہم کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ٹائیفائیڈ بخار عام دواؤں سے ختم ہو جاتا تھا لیکن اب ٹائیفائیڈ کی صورت میں عام دوائیں اثر نہیں کرتیں ہیں ہم خوش نصیب ہیں کہ یہ مہم پہلی مرتبہ سندھ حکومت کے تعاون سے سندھ بھر میں شروع کی گئی ہے اس لئے ہمیں اس مہم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 9 ماہ سے 15 سال کی عمر تک کے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے چاہئے مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر فرد کا تعاون لازمی ہے مہم، میں میرپورخاص کی 14 یونین کونسلوں کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں سمیت، دیہاتوں، محلوں اور علاقوں کیلئے 129 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 6 موبائل ٹیمیں اور 25 فکسڈ سائیٹ مقرر کی گئی ہیں والدین ان جگہوں پر پہنچ کر اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن نے کہا کہ غریب امیر ہر فرد کو اپنے بچوں سے پیار ہوتا ہے ہر فرد اپنے بچوں کو بیماری سے بچانے کیلئے تیار ہے ہمیں اس مہم کا پیغام ہر فرد تک پہنچانے کی ضرورت ہے جو باہمی کوشش سے ہی ممکن ہے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انوارالدین کھتری نے کہا کہ مہم کے دوران 1 لاکھ 85 ہزار 883 بچوں کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس ضمن میں فکسڈ سائیٹ، آؤٹ ریچ ٹیمیں، موبائل ٹیموں سمیت 160 تربیت یافتہ عملہ، 160 ٹیم اسسٹنٹ، 289 سوشل موبلائزر اور 45 سپروائزر اپنے فرائض سرانجام دیں گے اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی خلیل سراز، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی قاسم پلیجو، فوکل پرسن ای پی آئی پروگرام ڈاکٹر نارائن داس اور محکمہ صحت سمیت پی پی ایچ آئی کاعملہ بھی موجود تھا۔
![]()