کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اصغر علی شاہ میموریل اسپورٹس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلا اے او ڈاکٹر سید جنید علی شاہ بوائز اینڈ گرلز انٹر اسکول فری کرکٹ ٹورنامنٹ عنقریب اصغرعلی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد میں شروع ہوگا۔ اس حوالے سے ٹورنامنٹ میں شرکت کے خواہشمند اسکول ٹورنامنٹ ڈائریکڑ نصرت فہیم اور آرگنائزنگ سیکریٹری سید عمران حسین زیدی سے اتوار کے علاوہ کسی دن بھی صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان اے او کلینک ناظم آباد نمبر چار نزد امتیاز سپر اسٹور رابطہ کر سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے سرپرست سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں کوئی انٹری فیس نہیں رکھی گئی اور یہ بالکل فری ٹورنامنٹ ہے جس کا مقصد اسکول کی سطح پر ٹیلینٹ برآمد کرنا اور اسکول کے طلبا اور طالبات کو ٹرف وکٹ پر کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان ٹیموں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ تاہم تمام میچز دن میں ہونگے۔
![]()