کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے بلوچستان تعلیم کے شعبے میں پیچھے رہ گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے یونیورسٹیز کی گرانٹ میں اضافہ کیا ہے اور تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا جامعہ بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں وسائل کی کمی ہے۔ جتنے وسائل ہیں وہ بھی ٹھیک استعمال نہیں ہوئے۔ اگر ہمارے اسکول اچھے ہوتے تو آج ہم ملک کے کئی تعلیمی اداروں سے آگے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے طلباء کے ذہنوں میں ہمارے لیے سوالات ہیں۔ ادارے اس وقت اچھے ہوتے ہیں جب حکومت کی پالیسیاں بہتر ہوں۔ اس سال صوبائی حکومت نے یونیورسٹیز کی گرانٹ میں اضافہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت سائنس اور ٹیکنالوجی میں بہتری لانے کیلئے مزید اقدامات کرے گی۔ طلباء کو بیرون ممالک کی یونیورسٹیز بھیجنے کا پروگرام لا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
![]()