کراچی ( رپورٹ: ذیشان حسین) مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اور کشمیریوں و افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کی قیادت میں ماہی گیروں نے لانچ ریلی نکالی۔ لانچ ریلی کا آغاز کیماڑی جیٹی سے کیا گیا۔ اور لانچ ریلی بابا بھٹ، منوڑہ سے ہوتی ہوئی کیماڑی جیٹی پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں ڈائریکٹرز آصف بھٹی، ڈاکٹر یوسف اور عمر ہاشمی سمیت دیگر ماہی گیر رہنما شریک تھے۔ لانچ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا کہ افواج پاکستان ہمیں اجازت دے پاکستان کی تمام ماہی گیر برادری اپنے کشمیری بھائیوں کی خاطر جہاد کے لیے تیار ہے۔ لاکھوں پاکستانی ماہی گیر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کشمیری مسلمانوں کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی افواج کی آڑ میں آر ایس ایس کے ہندو دہشت گردوں کو فوج کی وردیاں پہنا کر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کے لیے بھیجا ہوا ہے۔ وہ نہتے کشمیری بچوں، بوڑھوں، نوجوانوں اور خواتین کو ظلم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے کہا کہ پاکستان کے 25 لاکھ ماہی گیر اپنے کشمیری بھائیوں کو بھارتی فوجی وردیوں میں چھپے آر ایس ایس کے دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کروانے کے لیے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کے لیے جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں وہ انسانی حقوق کی بین الا قوامی تنظیمیں انہیں کشمیر میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آرہے ہیں۔ چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو مظلوم کشمیریوں کی آواز سننا پڑے گی اور بھارت کی دہشت گردی کو روکنا ہو گا۔ پاکستانی ماہی گیروں کو صرف لائن آف کنٹرول پار کرنے کی اجازت دے دیں 25 لاکھ ماہی گیر اپنے کشمیری بہن بھایؤں کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کے لیے تیار ہیں۔
![]()