ڈیرہ اسماعیل خان(رپورٹ: گوہرغنچہ) شہر و گرد و نواح میں بلا نمبر گاڑیوں کی بھرمار، ٹیکسی ڈرائیور اور موٹرسائیکل سوار سیاسی جماعتوں، سرکاری محکموں اور پریس کی نمبر پلیٹس لگا کر گھومنے لگے۔ حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایسی بلا نمبر گاڑیوں کے خلاف ضلعی پولیس کاروائی کرنے سے گریزاں، ڈیرہ شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر، عوام سراپا احتجاج، ڈی پی او ڈیرہ سے کاروائی کا مطالبہ۔ ڈیرہ شہر میں جعلی اور بلا نمبر ٹیکسی گاڑیاں و موٹرسائیکل سوار پی ٹی آئی، پی پی پی، پی ایم ایل این، پولیس، ٹی ایم اے، ضلع کچہری ڈیرہ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور پریس کی نمبر پلیٹیں لگاکر شہر کے گلی محلوں، سڑکوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان ناموں سے منسوب گاڑیاں و موٹرسائیکلیں شہر میں لاقانونیت کو فروغ دے رہی ہیں۔ بااثر مالکان سرکاری اداروں اور پریس کا نام استعمال کرکے جرائم کو تقویت دے رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس اور متعلقہ انتظامیہ اس سلسلہ میں ایسی گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے سے قاصر ہیں۔ حالیہ دہشت گردی کی لہر اور ملکی صورتحال کے پیش نظر ہر شہری کو قانون کے مطابق نمبر پلیٹس لگوانی چاہیں اور بلا نمبر گاڑیوں کو جب تک نمبر پلیٹ نہ لگ جائے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ بلانمبر گاڑیاں کسی بھی وقت ناگہانی واقعہ کا سبب بن سکتی ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کی چاروں تحصیلوں خصوصاً ڈیرہ اندرون شہر میں ایسی بے شمار گاڑیاں موجود ہیں کو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے نمبر نہیں لگائے گئے۔ البتہ ان بااثر افراد نے اپنی گاڑیوں کے آگے نمبر پلیٹ والی جگہوں پر مختلف سرکاری محکموں اور پریس کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹس آویزاں کررکھی ہیں جس سے قانون نافذ کرنے والے ادارے دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے ان گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
![]()