میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) وائس چیئرمین بلدیہ فرید احمد خان ، اراکین کونسل کامران شیخ، شکیل احمد، حبیب اللہ، غلام رسول قریشی اور حنیف شیخ سمیت تمام حق پرست کونسلرز نے بدھ کے روز وائس چیئرمین کے دفتر میں پرہجوم مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ 7 فروری کو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 سیکشن 83 (2) کے تحت جناح ہال میں منعقدہ اجلاس میں جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں سی ایم او شفیق احمد شاہ نے 11 فروری بروز پیر لیٹر نمبر
No.MC/MPK/CMO-PA/73
کے ذریعے ڈائریکٹر جنرل پروونشل لوکل گورنمنٹ کمیشن سندھ سیکریٹریٹ، کمشنر میرپورخاص ڈویژن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میرپورخاص ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص کو اجلاس کی کاروائی سے آگاہی دیتے ہوئے حکام بالا سے رہنمائی طلب کرلی ہے کہ دوتہائی اراکین کونسل کا اعتماد کھونے کے بعد چیئرمین فاروق جمیل درانی بلدیاتی قانون کے مطابق کونسل کے معاملات کیسے چلا سکتے ہیں۔ وائس چیئرمین فرید احمد خان نے بتایا کہ مذکورہ لیٹر میں تحریر ہے کہ مورخہ 7 فروری2019 کو منعقدہ عمومی اجلاس میں %65 فیصد اراکین کونسل کی موجودگی کے باوجود چیئرمین فاروق جمیل درانی نے بغیر کسی آفیشل اطلاع کے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا جس پر اراکین کونسل نے ان کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چیئرمین فاروق جمیل درانی سے اجلاس کی صدارت کرنے اور باقاعدہ اجلاس کی کاروائی کے آغاز کی درخواست کی لیکن وہ کونسل ہال میں نہیں آئے۔ مذکورہ لیٹر میں درج مندرجات میں وضاحت سے تحریر ہے کہ اس دوران چیئرمین بلدیہ فاروق جمیل درانی بغیر کسی اطلاع کے دفتر سے روانہ ہوگئے جبکہ کورم مکمل ہونے پر موقع پر موجود اراکین کونسل نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 سیکشن 83(2) کے تحت متفقہ طور پر شکیل احمد کو پریزائیڈنگ آفیسر منتخب کرکے اجلاس کی کاروائی کا آغاز کیا۔ اجلاس کے دوران کونسل نے سی ایم او سید شفیق احمد شاہ کو ہدایت دی کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی فاروق جمیل درانی کے غیر قانونی و غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے خلاف سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 سیکشن 25 (بی) اور (ڈی)کے تحت کاروائی کی جائے جس کی سفارشات سی ایم او کے مذکورہ لیٹر میں درج ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین فرید احمد خان و اراکین کونسل نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ چیئرمین فاروق جمیل درانی دو تہائی اراکین کونسل کا اعتماد کھو چکے ہیں لہٰذا قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں فی الفور عہدے سے برطرف کیا جائے تاکہ کونسل ایک ایماندار اور فرض شناس شخص کو چیئرمین کی حیثیت سے منتخب کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلدیہ فاروق جمیل درانی کی بدترین مالی کرپشن اور درپردہ مکروہ عزائم کا پردہ چاک کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کیا جائے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
![]()