میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ و ڈسٹرکٹ پولیس میرپورخاص کی جانب سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص رینج ثاقب اسماعیل میمن کے اعزاز میں الوداعی تقریب (بڑا کھانہ) کا انعقاد کیا گیا۔ الوداعی تقریب ایس ایس پی ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں کمشنر میرپورخاص ڈویژن عبدالوحید شیخ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن، ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ، ایس ایس پی مٹھی، انجمن تاجران کے رہنماؤں و دیگر سماجی شخصیات سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، ضلع پولیس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں کمشنر میرپورخاص نے کہا کہ محکمہ پولیس میں تقرر و تبادلے معمول کا حصہ ہیں تاہم ڈی آئی جی ثاقب اسماعیل میمن کی میرپورخاص ڈویژن میں مجموعی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت ڈی آئی جی کے ثاقب اسماعیل میمن نے جس طرح اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے انجام دیا، وہ قابل تعریف ہیں اور ہر پولیس آفیسر کے لئے مشعل راہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ نے کہا کہ ثاقب اسمائیل میمن جیسے ایماندار اور فرض شناس افسران محکمہ پولیس کے لیئے باعث فخر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی ثاقب اسماعیل میمن کو اپنی مثالی قیادت اور بہترین کمان کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی وہ اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی ڈی آئی جی ثاقب اسماعیل میمن کا کہنا تھا کہ میں شکر گزار ہوں تمام لوگوں کا جو آج اس تقریب کا حصہ بنے اور خاص طور پر ایس ایس پی میرپورخاص و رینج پولیس میرپورخاص کے تمام افسران کا جن کے تعاون سے ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی میرپورخاص رینج اسی طرح اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ اس موقع پر کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص، ایس ایس پی میرپورخاص، ایس ایس پی مٹھی اور تقریب میں شریک پولیس افسران و معززین کی جانب سے ڈی آئی جی ثاقب اسماعیل میمن کو روایتی سندھی ٹوپی و اجرک کے تحائف پیش کیئے گئے۔
![]()