چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) چترال میں دس بیلین سونامی پلانٹ ڈسٹری بیوشن منصوبے کے تحت محکمہ جنگلات اب سول سوسائٹی کے ذریعے بھی مفت پودے تقسیم کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سینگور کے مقام پر ایک نرسری میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈویژنل فارسٹ آفسیر شوکت فیاض نے کی۔ اس تقریب میں سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن (برفانی چیتوں کے تحفظ کیلئے قائم ادارہ) کو محکمہ جنگلات کی جانب سے مفت پودے فراہم کئے گئے ان پودوں کو سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کو اپنی کمیونٹی میں مفت تقسیم کریں گے۔ ان پودوں کو سنو لیپرڈ فاوئنڈیشن کے اہلکار چترال کے بالائی علاقے تورکہو کو پہنچائیں گے جس کی ٹرانسپورٹ کے اخراجات، مقامی لوگوں کو تربیت دینا اور ان پودوں کی دیکھ بال وغیرہ سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن ان پودوں کو مولکہو کے علاقے میں بھی لگائیں گے تاکہ جنگلات کی کمی پر قابو پایا جاسکے اور ان بالائی علاقوں میں جنگلات اور لکڑیوں کی شدید قلت کو ختم کیا جاسکے۔ اس تقریب میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر محکمہ جنگلات شوکت فیاض کے علاوہ ڈی ایف او محکمہ جنگلی حیات چترال گول نیشنل پارک نعمت اللہ، ڈی ایف او وائلڈ لائف چترال ڈویژن محمد ادریس، نان ٹمبر فارسٹ کی جانب سے اعجاز احمد، ڈبلیو ڈبلو ای ایف کی جانب سے افتحار احمد، سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے انجنیر خادم اللہ، اور چترال عجائب گھر کے انچارج صاحب گل کیلاش نے بھی شرکت کی۔ ان مہمانوں نے بھی مقامی کمیونٹی کیلئے ادارے کے نمائندگان میں مفت پودے تقسیم کئے۔ ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کے نمائندے شفیق اللہ خان نے بتایا کہ برفانی چیتے کے ساتھ ساتھ تمام جنگلی حیات کا جنگلات کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے اگر جنگل رہے گا تو جنگلی حیات اور برفانی چیتا بھی رہے گا اگر جنگل نہیں رہے گا تو برفانی چیتے کے علاوہ دیگر جنگلی حیات کیلئے بھی زندہ رہنا مشکل ہوگا۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے کہا کہ اگر ہر شحص ایک پودا لگائے اور ہر بشر ایک شجر کے پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے تو بہت جلد ہم ملک میں جنگلات کی کمی پر قابو پائیں گے اور ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچ سکیں گے۔ شفیق اللہ خان نے ڈی ایف او چترال اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا جو نہایت لگن اور خلوص کے ساتھ چترال میں پودے کامیاب کرنے کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں تاکہ یہ پودے کامیاب ہوں، انہوں نے ڈویژنل فارسٹ آفسیر شوکت فیاض کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے چترال میں پستہ، بے دانہ انار، بادام، چیری اور دیگر پھل دار پودے بھی منگواکر کامیابی سے لگائے اور یہ پودے کامیاب ہوکر بہت جلد پھل دینا بھی شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے اگر ہم زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں گے تو ایک طرف ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچ سکیں گے تو دوسری طرف قومی جنگلات پر دباؤ کی شرح میں کمی بھی لاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چترال میں شدید سردی سے بچنے کیلئے عوام سوکھتی لکڑی کو کھانا پکانے اور خود کو گرم رکھنے کیلئے جلاتے ہیں جس سے جنگلات پر نہایت منفی اثرات پڑتے ہیں۔ چترال کے عوام صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ چترال کے عوام کو مفت یا سستی بجلی فراہم کی جائے اور ساتھ ہی توانائی کے متبادل ذرائع بھی یہاں لاۓ جائیں اور گیس پلانٹ پر بھی جلد سے جلد کام شروع کیا جائے تاکہ لوگ لکڑیوں کے بجائے دیگر ایندھن استعمال کرے اور جنگلات کی کمی کی وجہ سے قدرتی آفات سے بچ سکے۔
![]()