لاہور (سپورٹس ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستانی نژاد ساوئتھ افریقن مسلمان کرکٹر عمران طاہر مین آف دی میچ قرار پائے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ کرس لِین نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان شان مسعود 38 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کرس لِین اور فخر زمان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے لاہور قلندرز کو 59 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ کرس لِین کی19 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان 2 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 19 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور اگلے سات بلے باز اسکور بورڈ پر صرف 64 رنز کا اضافہ ہی کرسکے۔ کپتان سہیل اختر نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔ ملتان سلطانز کے معین علی، محمد الیاس اور عمران طاہر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ملتان سلطانز نے کپتان شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین رائیلی روسو کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 17ویں اوور کی پہلی گیند پرحاصل کرلیا۔ اوپنر شان مسعود 4 چوکوں ا ور 1 چھکے کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ رائیلی روسو نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ناقابل شکست 21 رنز بناکر ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ یزے اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے پر ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتہ کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
![]()