ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ معاشرے میں کھیل کود کی بہت بڑی اہمیت ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھرپور طریقے سے کھیلوں میں حصہ لیں اور اپنے دوستوں میں بھی کھیلوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں ڈائریکٹریٹ آفس سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر 21 انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں کا افتتاح اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر سید ثقلین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وسیم فضل، ضلع ایبٹ آباد کی چاروں تحصیلوں، ایبٹ آباد، حویلیاں، لورہ اور لوئر تناول کے کھلاڑیوں کے علاوہ عام شائقین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ انڈر 21 انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں میں نو مختلف کھیل کھیلے جائیں گے جو دو روز جاری رہیں گے۔ ان کھیلوں میں فٹ بال، ہاکی، والی بال، رسہ کشی، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، کبڈی اور دیگر کھیل شامل ہیں۔ دو روزہ انڈر 21 انٹر تحصیل کھیلوں کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لئے کوشاں ہے اور انڈر 21 مقابلے اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انٹر تحصیل مقابلوں کے فوراً بعد انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سپورٹس مقابلے بھی شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے صوبہ خیبر پختونخوا کی 127 تحصیلوں میں انٹر تحصیل مقابلوں کا آغازایک ساتھ ہوچکا ہے جو پورے صوبے میں دو دن تک جاری رہیں گے۔ جس میں 27 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل، ضلع اور ریجن کے مقابلوں کے بعد صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں صوبائی حکومت نے کھلاڑیوں کے لیے پرکشش مراعات بھی رکھی ہیں جن میں کیش انعامات کے علاوہ تعلیمی سکالر شپ بھی کھلاڑیوں کو فراہم کئے جائیں گے۔
![]()