کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے لیے پشاور زلمی اور یو این ایچ آر سی کے درمیان پارٹنرشپ قائم۔ میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ کی نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ آر سی کے درمیان پارٹنرشپ قائم ہوگئی۔ پارٹنرشپ کے تحت پشاور زلمی اور یو این ایچ آر سی پاکستان سپر لیگ کے دوران دنیا بھر کے مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس حوالے سے پشاور زلمی اور یو این ایچ آر سی کے درمیان اسلام آباد میں ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور یو این ایچ آر سی کے ڈائریکٹر ریجنل فار ایشیا اینڈ پیسیفک انرریکا راٹواٹ نے ایم او یو پر دستخط کیے جاوید آفریدی نے کہا یہ دنیا بھر میں مہاجرین کی آبادکاری بڑا مسئلہ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران پشاور زلمی اور یو این ایچ آر سی اس حوالے سے آگاہی مہم کا حصہ ہوں گے۔ یو این ایچ سی آر کے ڈائریکٹر ریجنل بیوریو ایشیا اینڈ پیسیفک اندریکا راٹواٹ نے کہا پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی یو این ایچ آر سی کے یوتھ ایمبیسڈر کے طور پر پہلے ہی بڑا فعال کردار ادا کررہے ہیں اور پی ایس ایل جیسے گلوبل کرکٹ ٹورنامنٹ میں زلمی کٹ پر یو این ایچ آر سی کا لوگو دنیا بھر میں مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کریگا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اس موقع پر اندریکا راٹواٹ کو زلمی شرٹ بھی پیش کی۔ اندریکا راٹواٹ نے پی ایس ایل فائیو کے لیے پشاور زلمی کو گڈ لک کا پیغام بھی دیا۔
![]()