کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مہتاب چاؤلہ دوسری ویٹرنز ہاکی لیگ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا، ڈولفن ویٹرنز، ائیرپورٹ اور بلدیہ ویٹرنز ہاکی کلب کی کامیابی، سینٹرل فٹنس، اقبال میموریل اور کینٹ کمبائنڈ کلب کو شکست کا سامنا۔ ڈولفین کلب کے مزمل حسین نے ٹورنامنٹ کی تیسری ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں جاری ویٹرنز ہاکی لیگ میں گزشتہ شب کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈولفن ویٹرنز کلب نے سینٹرل فٹنس کلب کو چھ گول سے شکست دیدی، مزمل حسین نے تین گول کیساتھ ہیٹ ٹرک اسکور کی، محمد عمران، زاہد فاروق اور عمران عارف نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں ائیرپورٹ ویٹرن کلب نے اقبال میموریل کو چار گول سے مات دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے عامر، ندیم، زاہد اور اظہر نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال کی نظر کیا۔ تیسرے میچ میں بلدیہ ویٹرنز کلب نے کینٹ کمبائنڈ کلب کو ایک گول سے زیر کرلیا، بلدیہ ویٹرنز ہاکی کلب کی جانب سے میچ کا واحد گول ابراھیم خان نے 39 ویں منٹ میں اسکور کیا۔
![]()