کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ بلائنڈ اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بصارت سے محروم اور دیگر اسپیشل افراد کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے سلسلے میں سندھ پیرا اسپورٹس گالا ختم ہوگیا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور محکمہ کھیل سندھ کے تعاون اور ہنڈا اٹلس پاور پروڈکٹس لمیٹڈ کی اسپانسر شپ سے منعقدہ ایونٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی تھے جنہوں نے ایونٹ کا رنگا رنگ تقریب میں اختتام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیاں بصارت سے محروم افراد اور اسپیشل افراد کے لئے خصوصی اہمیت کی حامل ہیں اس سے انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ بھی اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ میں اس ایونٹ کے آرگنائزرز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس ایونٹ کا انعقاد کیا اور معاشرے کے دیگر افراد کو پیغام دیا کہ وہ بھی آگے آئیں اور ان کا احساس محرومی دور کرنے میں ا پنا کردار ادا کریں۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں سلمان الہیٰ، محمد عامر، نواز شاہ، دانیال، محمد انس، زاہد حمید، نجم شیخ اور دیگر شامل تھے۔ پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کی منظوری سے آئی بی اے کراچی یونیورسٹی کیمپس میں ایک ہفتہ جاری رہنے والے سندھ پیرا اسپورٹس گالا کے انعقاد سے قبل ان کھلاڑیوں کے لئے پانچ روزہ تربیتی کیمپ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس سے انہیں فزیکل فٹنس کو سمجھنے میں بھی مدد ملی۔ سندھ پیرا اسپورٹس گالا میں گول بال، فٹبال، ایتھلیٹکس، کراٹے، ٹگ آف وار، آرم ریسلنگ اور دیگر کو شامل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کو انعامات و اسناد تقسیم کیں جبکہ آرگنائزرز کو شیلڈز دی گئیں۔
![]()