سیالکوٹ (رپورٹ: سیدہ نزہت شہناز) ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ریجن طارق قریشی نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل کے بروقت اور یقینی حل میں ” ڈیجیٹل کمپلینٹس/ انفارمیشن مینجمنٹ ٹریکنگ سسٹم “ ایک سنگ میل ثابت ہوگا اس سسٹم کی بدولت ناصرف شہریوں کی مختلف سرکاری محکموں کے متعلق شکایات اور مسائل کی درخواستوں اور حل طلب مسائل کی فائلز کا مکمل ڈیٹا بیس بنے گا اور آن لائن ٹریکنگ کی بدولت کسی محکمے کی ناہلی یا غفلت چھپ نہیں سکے گی اور انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس سیالکوٹ میں ”ڈیجیٹل کمپلینٹس/انفارمیشن مینجمنٹ ٹریکنگ سسٹم “ کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اس نظام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ جویریہ مقبول رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماریہ جاوید بھی موجود تھیں۔ ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ریجن طارق قریشی نے کہا کہ زمین جائیدادوں کے جھگڑوں کے تدارک اور لینڈ مافیا کے خلاف بھر پور کارروائی کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پی کی سطح پر ہفتہ وار میٹنگز کا انعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ ناجائز قبضہ جات اور جعل سازی کا ابتدائی اور نچلی سطح پر خاتمہ کیا جائے اور اس کی وجہ سے ہونے والے جرائم پر سدباب ہوگا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، کلین گرین پنجاب انڈکس کے سلسلہ میں ضلع سیالکوٹ جاری پروگرامز اور اسکیمز کا جائزہ لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور لوکل گورنمنٹ کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ پنجاب کلین گرین انڈکس کے مطابق وہ سالٹ اور لیکوڈ ویسٹ مینجمنٹ، شجر کاری، پبلک واش رومز کی سہولت، تجاوزات کے خاتمہ، شہریوں کی خوبصورت، پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور کمیونٹی کی شراکت سے ” ہمارا شہر اہماری ذمہ داری “ مہم کو کامیاب بنائیں۔
![]()