ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، شدت 6.4 ریکارڈ۔ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں چار بجکر چالیس منٹ پر آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ زلزلے کا دورانیہ پانچ سے 7 سیکنڈ تھا تاہم اس کی شدت بہت زیادہ تھی۔ یورپین زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش ریجن میں دو سو کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں لکی مروت، بٹگرام، ملاکنڈ، ایبٹ آباد جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میرپور، اس کے علاوہ مری، سوات، کوٹلی، بھمبر، ہری پور، کلرکہار، سکردو، لوئر دیر اور اپر دیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، نارووال، ڈسکہ، ایبٹ آباد اور راولا کوٹ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی حادثے کی کوئی خبریں نہیں ہے۔ انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت دہلی، متھرا، لکھنو، شمالی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقے بھی زلزلے سے لرز اٹھے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان ہی نہیں، دنیا کے کئی ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گوئٹے مالا اور تاجکستان میں 4.5، فرانس میں 2.8، چلی میں 4، جاپان میں، 4.3، انڈونیشیا کے جزیرے سلاویسی میں 4.5 ریکارڈ، آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں 2.4، جنوبی یونان میں 3.3 اور شمالی ایران میں 3.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
![]()