کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کیبلز ایسوسی ایشن سے کہا ہے کہ وہ سیفٹی تقاضوں کو مدنظر رکھیں۔ زیر زمین کیبلز کی منتقلی کے کام کی رفتار تیز کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریڈ زون میں کیبلز کی منتقلی زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں مکمل کرلیں۔ ایسوسی ایشن کی مشکلات کے پیش نظراجلاس میں دو ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ سیفٹی تقاضوں کے پیش نظر ترجیحٰ اقدامات کریں اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ منتقلی کا کام ریڈ زون میں ایک ماہ دیگر علاقوں میں تین ماہ میں مکمل کرلیں۔ وہ اپنے دفتر میں کے الیکٹر ک پولز سے تمام قسم کے کیبل ہٹانے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ون اسد علی خان، ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین، کیبلز ایسوسی ایشن کے صدر خالد آرائیں اور کے الیکٹرک کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔ کمشنر کراچی نے حال ہی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیبلز ایسوسی ایشن کو اایک ماہ میں کیبلز کی منتقلی کا وقت دیا تھا۔ اب ان کی جانب سے مشکلات کی نشاندہی اور کام کو بہتر طور پر مکمل کر نے کے پیش نظر مقررہ وقت میں توسیع کر دی گئی ہے۔ تاہم ریڈ زون میں انھیں ایک ماہ کی مدت میں کام مکمل کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کے الیکٹرک ایسوسی ایشن نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے مختلف علاقوں میں کیبلز کی زیر زمین منتقلی کے لئے کام شروع کر دیا ہے اس بات کو یقینی بنایا جاۓ گا کہ مقررہ وقت میں منتقلی کا کام مکمل کر لیا جائے۔ کیبلز ایسوسی ایشن نے کہا کہ تمام نیٹ ورک کو زیر زمین کرنے کے لئے متعلقہ محکموں سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
![]()